اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملائشین حکام نے پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ قبضے میں لے لیا۔ پرواز پی کے 895 کراچی سے آج کوالالپمور پہنچی تھی۔
2015 میں پی آئی اے نے یہ طیارہ ویتنامی کمپنی سے لیز پر لیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیز کے واجبات ادا نہ کرنے پر اقدام اٹھایا گیا، لیز کی رقم تقریبا 14 ملین ڈالر ہے۔
اُدھر ترجمان پی آئی اے نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ معاملہ برطانوی عدالت میں زیر سماعت ہے، یہ ناقابل قبول صورتحال ہے جس کے لئے حکومتی سطح پر سفارتی طور پر مسئلے کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پرواز کے مسافروں کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے جبکہ سفر کے متبادل انتظامات بھی کر لئے گئے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن ملائیشین حکام سے رابطے میں ہے، پی آئی اے کو مسئلہ جلد حل کرنے کی ہدایت کی ہے، مسافروں کی وطن واپسی کیلئے مناسب انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا ہے کہ ملائیشیا سے 167 مسافر آج رات پاکستان کے لئے اڑان بھریں گے۔ مسافر نجی ائیر لائن کے ذریعے براہ رست دبئی سے ہفتے کی دوپہر 2 بجے پاکستان پہنچیں گے۔ تمام مسافر نجی ائیر لائن کے پرواز ای کے 343 سے وطن آئیں گے۔ جبکہ پی کے 895 کے سٹاف کو کوالالپمور میں قرنطینہ نہیں کیا گیا ہے، عملہ مقامی ہوٹل میں مقیم ہے۔ پی آئی اے سٹاف ممبران ہفتے کی دوپہر دوسری پرواز سے پاکستان کے لیے روانہ ہونگے۔