ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کا نقطہ نظر تبدیل ہو گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹیرینز نے واضح کر دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر متنازعہ مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں ایک ‘’سپائیلر’’ کا کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ڈی ایم اندرونی انتشار کا شکار ہے۔ استعفوں، لانگ مارچ اور بہت سارے معاملات میں اختلافات عوام کے سامنے ہیں۔ جے یو آئی دو دھڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔ اپوزیشن کی صفوں میں مایوسی پھیل چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں اپنے کارکنوں کی مایوسی دور کرنے کے لیے جلسے کر رہی ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان واضح کہہ چکے ہیں کہ لٹیروں کو این آر او نہیں ملے گا۔
گزشتہ روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ بھارت ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری کو ملک میں بھارت کی زیرسرپرستی ریاستی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد فراہم کرکے بھارت کے گھنائونے کردار کو بے نقاب کردیا ہے۔
وزیر خارجہ نے کشمیر کے بارے میں کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کشمیری نوجوانوں کو دہشتگرد قرار دے کر شہید کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کے بارے میں یورپی ممالک میں بھی آواز بلند کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوبائیڈن انتظامیہ بھی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بات کررہی ہے۔