مسئلہ کشمیراوراسلاموفوبیا کیخلاف قراردادوں پر سعودی حمایت،وزیرخارجہ کا اظہارتشکر

Published On 07 January,2021 06:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر اور اسلاموفوبیا کے رجحان کے خلاف قراردادوں پر سعودی عرب حمایت پر اس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر اور اسلاموفوبیا کے رجحان کے خلاف قراردادوں پر سعودی حمایت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔ وزیر خارجہ نے قطر اور خلیجی ممالک کے مابین تنازعات کے حل کیلئے سعودی مثبت کردار کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو کورونا کے باوجود جی سی سی سمٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

بعد ازاں شاہ محمود قریشی کا قطری ہم منصب محمد بن عبدالرحمان ال تھانی کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات اور خلیجی ممالک کے تنازعات کے حل کیلئے سفارتی کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی کا دورا گفتگو کہنا تھا کہ توقع ہے کہ جی سی سی سمٹ سے خلیجی ممالک میں اعتماد اور تعاون کو فروغ ملے گا۔ سمٹ سے خطے میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تمام خلیجی ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کثیر الجہتی شعبہ جات میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔