اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کی 'خدمت' کے نام پر کی گئی چوری کی سزا قوم آج بھگت رہی ہے، نااہل لیگ اب خدمت اور خادم اعلیٰ کے کھوکھلے نعروں کے پیچھے نہیں چھپ سکتی۔
معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے سعد رفیق کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹے میاں کرپشن میں بڑے میاں سے بھی بڑے ہیں، 10 سالوں میں خادم اعلیٰ کے اثاثے 85 فیصد بڑھنا ان کی اصل کارکردگی ہے، سیلاب زدگان کے فنڈز، سستی روٹی اور لیپ ٹاپ سکیموں کے کک بیکس انکی کارکردگی کا بیان ہے، ان کک بیکس کی بدولت ہے ان کے اثاثوں میں جادوئی اضافہ ہوا، کارکردگی دکھانے کے چکر میں انہوں نے پورے لاہور کو اپنے تصاویر سے آلودہ کیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ شکست خوردہ عناصر کا آج پھر اکٹھ ہوا، جو اپنی سیاست اور دولت بچانے کی حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں، یہ اتحاد ذاتی مفادات کی نااتفاقیوں کے گرد گھوم رہا ہے، ناکامی ، رسوائی اور ہزیمت ان کا مقدر ہے۔