مودی حکومت نے بالا کوٹ بحران کو انتخابات کیلئے استعمال کیا: وزیراعظم

Published On 18 January,2021 10:09 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا نے مودی حکومت کی اصلیت واضح کر دی، مودی حکومت نے بالا کوٹ بحران کو انتخابات کیلئے استعمال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 2019 میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا تھا کہ بالاکوٹ واقعہ کو فاشسٹ مودی حکومت نے انتخابی فائدے کیلئے استعمال کیا، حالیہ انکشافات نے مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کا گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا۔

عمران خان نے کہا کہ مودی نے انتخابات جیتنے کیلئے خطرناک فوجی ایڈونچر کیا، بھارتی ایڈونچر پورے خطے کو عدم استحکام کا شکار کرسکتا تھا، پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے کو بڑے بحران سے بچایا۔

 عمران خان نے کہا بھارت پاکستان میں دہشتگردی سپانسر کرنے، مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور پاکستان کے خلاف 15 سال سے ڈس انفارمیشن مہم میں بے نقاب ہو چکا ہے، اب خود بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ یہ گندا کھیل جوہری طاقت رکھنے والے خطے کو ایک ایسے خطرناک تنازع میں دھکیل رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری حکومت پاکستان کے خلاف بھارتی عزائم بے نقاب کرتی رہے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ اس سے پہلے کہ مودی حکومت خطے کو ایک نہ ختم ہونے والے کسی تنازعے میں دھکیلے، عالمی برادری مودی حکومت کے ناپاک اور عسکری ایجنڈے کو روکے۔

 

 

 

Advertisement