میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے علاقوں سے مویشیوں کا انخلاء کروانے میں ناکام

Published On 22 January,2021 11:05 am

لاہور: (دنیا نیوز) میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے شہری علاقوں سے مویشیوں کا انخلاء کروانے میں ناکام ہوگئی۔ شہر کی 214 یونین کونسل کی 3 ہزار 7 سو حویلیوں میں 40 ہزار سے زائد بھینسوں کی موجودگی کا انکشاف ہوگیا۔

لاہور کی 214 یونین کونسل میں مویشی رکھنے پر پابندی ہوا ہوگئی۔ بلدیہ عظمی کے افسران مویشیوں کے انخلاء بارے عملی اقدامات کرنے میں ناکام ہوگئے۔ مویشی نکالنے کی ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کی 3 بار کی ڈیڈ لائن بھی کسی کام نہ آئی۔

پہلی ڈیڈ لائن 10 جون 2019، دوسری 10 مئی 2020 کو دی گئی۔ 5 دسمبر 2020 کو دی گئی تیسری ڈیڈ لائن ختم ہوئے بھی ایک ماہ بیت چکا لیکن پابندی والی کسی یونین کونسل سے مویشی نہ نکالے گئے۔

لاہور کی 3 ہزار 7سو حویلیوں میں 40 ہزار بھینسوں کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ واہگہ زون کی 5 سو حویلیوں میں 3 ہزار بھینسیں موجود ہیں۔ علامہ اقبال، شالامار، نشتر اور عزیز بھٹی زون کے 25سو حویلیوں میں 3500 بھینسوں کی موجودگی کا پتہ چلا ہے۔

راوی زون کی 350 حویلیوں میں 7سو، سمن آباد زون کی 200 حویلیوں میں 5 سو مویشی ہیں۔ گلبرگ کی 150 حویلیوں میں 3سو بھینسوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ دوسری طرف گذشتہ 15 برس سے 9 زونز میں 15 کیٹل فارم التواء کا شکار ہیں۔

راوی زون کی 34، شالامار زون کی 30 اور واہگہ زون کی شہری اربن یونین کونسل میں مویشی رکھنے پر پابندی ہے۔ عزیز بھٹی زون 21، سمن آباد زون 29، داتا گنج بخش زون کی 34، علامہ اقبال زون کی 20 اور نشتر زون کی 11 یونین کونسل میں پابندی ہے۔

لاہور کی صرف 60 دیہی علاقوں والی یونین کونسل میں مویشی رکھنے کی اجازت ہے۔ شہری علاقوں کے مکینوں نے مویشیوں کے انخلا ء کو ناگزیر قرار دیا۔

چیف کارپوریشن آفیسر حافظ شوکت علی نے بتایا کہ آپریشن تو جاری ہے لیکن مویشیوں کے رکھنے کے لیے جگہ نہیں ہے، پیمکو سے معاہدہ کے بعد جگہ کا بندوبست ہوجائے گا۔ چیف کارپوریشن آفیسر نے مزید کہا کہ جگہ کا بندوبست ہونے کے بعد مویشیوں کے انخلاء بارے آپریشن تیز کر دیا جائے گا۔