اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا۔ پنجاب نے ستمبر سے پہلے بلدیاتی انتخابات کے مراحل مکمل کرنے کا عندیہ دیدیا۔
وزیراعلی پنجاب کے نامزد نمائندے کی حیثیت سے وزیر قانون راجہ بشارت الیکشن کمیشن اسلام آباد میں پیش ہوئے۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخاب بارے حکومت پنجاب کے جواب سے آگاہ کیا۔ راجہ بشارت نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا جس میں کہا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے تمام مراحل ستمبرسے پہلے مکمل کرلئے جائیں گے۔
وزیر قانون راجہ بشارت نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ پنجاب میں ویلیج کونسل کی تعداد بھی 25 ہزار سے کم کر کے 8 ہزار کر دی گئی، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار ہوں گے۔ وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کو مکمل کیا جا رہا ہے۔