لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اگر وزیراعظم عمران خان کی موجودہ حکومت کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے انہیں مطلوبہ نمبرز ظاہر کرنا ہونگے کیونکہ سینیٹ میں ایک بار ناکام ہو چکے ہیں۔
ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطاء اللہ تارڑ کیساتھ پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی تحریک عدم اعتماد لانے کی تجویز پرانی تجویز ہے، ن لیگ سمجھتی ہے کہ اگر بلاول کے پاس تحریک عدم اعتماد کے نمبرز ہیں اور اتنے اراکین موجود ہیں تو پیش کریں، سینیٹ میں بھی ہمارے نمبرز پورے ہونے کے باوجود تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تھی، فیصلہ کن لانگ مارچ اور اقدام ہی اس حکومت کو ختم کر سکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ والے معاملے میں کچھ لوگوں کے مفادات وابستہ تھے، براڈ شیٹ بھی پانامہ کی طرح فراڈ ہی ہو گا، براڈ شیٹ معاہدے کی تحقیقات کرنے والا شخص اس وقت نیب کا ہی ملازم تھا تو انہوں نے کیا تحقیقات کرنی ہیں، ایسے لوگوں کو لانے کا مقصد اس معاملے کو کوراپ کرنا ہے۔
جتنی پھرتی براڈشیٹ کے پیسے لندن پہنچانے میں تھی کیا حکومت کا فرض نہیں تھا کہ کم از کم اس سے آدھی پھرتی جہاز کی اس پیمنٹ میں دکھاتے کہ جس کے پاکستانی قوم کا تشخص,عزت اور پاکستانی مسافروں کا سفر منسلک تھا.@betterpakistan pic.twitter.com/hAEWGxuDIq
— PML(N) (@pmln_org) January 23, 2021
رہنما ن لیگ نے کہا کہ حکومت براڈ شیٹ کے حوالے سے کوراپ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اس معاملے نے احتساب کی اصلیت کھول دی ہے، دنیا پریشان ہے کہ یہ کیسی ریاست ہے جس میں ایسے بھونڈے معاہدے کئے جاتے ہیں کہ بغیر کوئی محنت کئے کسی فریق کو 20 فیصد حصہ دے دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد: فضل الرحمان سمیت 5 قائدین نے مخالفت کردی
احسن اقبال نے کہا کہ اس حکومت نے اس معاملے پر عملدرآمد کے لئے پھرتی دکھائی اور ہائیکورٹ کے فیصلے سے پہلے ہی رقم ہائی کمیشن کے اکاونٹ میں رکھ دی، پی آئی اے کا معاملہ بھی ثالثی عدالت میں ہے لیکن ایک جہاز کی لیز کی رقم جمع نہیں کروائی جاتی اور سینکڑوں مسافروں کو غیرملکی ایئرپورٹ پر خوار کیا جاتا ہے لیکن دوسری جانب براڈ شیٹ کے معاملے پر بھرپور پھرتی دکھائی جاتی ہے، جہاز والے معاملے میں بھی ذرا پھرتی دکھا لی جاتی۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت کا دفاعی بجٹ کا اضافہ ہمارے کل دفاعی بجٹ کے برابر ہو جائے تو ہم اس کا کیسے مقابلہ کر سکیں گے، ہمیں بھارت سے مقابلہ کرنے کے لئے اس سے زیادہ ترقی کرنا ہو گی، آج لوگ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بھول کر اپنی نوکریاں اور چھت بچانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ لوگ 1کروڑ نوکریاں بھول گئے ہیں آج لوگ اپنی نوکری بچانے کی فکر میں ہیں.لوگ بھول گئے ہیں وہ 50 لاکھ گھر آج اپنے اوپر چھت کو بچانے کی فکر میں ہیں.لیکن انہوں نے ایک نئی طرز حکمرانی متعارف کرائی ہے اور وہ ہے شکر کرو حکمرانی.
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی معیشت سُکڑ گئی ہے پاکستان کے ٹیکس ریونیوز سکڑ گئے ہیں آج دوسال بعد بھی ہم 2018 کی سطح سے ٹیکس اور ایکسپورٹ میں اضافہ نہیں کرسکے.یہ کووڈ سے ڈراتے ہیں کووڈ صرف پاکستان میں نہیں آیا پوری دنیا میں آیا ہے.۔