اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے ایف نائن پارک کو گروی رکھنے کے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے میئر اسلام آباد پیر عادل گیلانی نے عدالت جانے کا اعلان کر دیا ہے۔
میئر اسلام آباد پیر عادل گیلانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف نائن پارک اسلام آباد کے باسیوں کا پارک ہے۔ پارک کو گروی رکھ کر قرضہ لینے کی مذمت کرتے ہیں۔
پیر عادل گیلانی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک کے عوض سکوک بانڈز جاری نہیں ہونے دیں گے۔
خیال رہے کہ میڈٰیا میں یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ وفاقی حکومت نے ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر قرضہ حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ پارک اسلام آباد کا سب سے بڑا عوامی مرکز ہے جس کا رقبہ تقریباً 750 ایکڑ پر مشتمل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر اس کے عوض سکوک بانڈ جاری کئے جائیں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس سلسلے میں وفاقی کابینہ آئندہ اجلاس میں منظوری دے گی۔
اس سلسلے میں وزارت خزانہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری کو کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ہے۔ سکوک بانڈ ملک اور ملک سے باہر مارکیٹ میں جاری کئے جائیں گے۔ یہ قرض تین بینکوں کے کنسورشیم کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔