لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے سیکرٹری صحت کو شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے تین صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ شہباز شریف کے ذاتی معالج پروفیسر عارف خان، پروفیسر عقیل باری اور پروفیسر طاہر نصر کو شامل کیا جائے، شہباز شریف کی درخواست کے مطابق برین ٹیومر اور کینسر کے مریض ہیں، لیگی رہنما کو میڈیکل رپورٹس فراہم کرنا قانونی حق ہے، شہباز شریف کی درخواست کو قانون کے مطابق نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔