لاہور: (دنیا نیوز) ماتحت عدالتوں میں فائرنگ کے واقعات پر قابو نہ پایاجاسکا۔ کینٹ کچہری کے باہر پولیس تحویل میں پیشی پر لائے جانے والے ملزم پر مخالفین نے فائرنگ کردی۔ جس سے فہیم زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہو کی ماتحت عدالتوں میں فائرنگ کے واقعات نہ روکے جاسکے۔ کینٹ کچہری کے باہر پیشی پر آئے ملزمان پر مخالفین نے فائر کھول دیا، فائرنگ سے قتل کیس میں گرفتار ملزم فہیم عرف بھولا زخمی ہو گیا۔
تھانہ شمالی چھاؤنی کی پولیس نے گزشتہ روز ملزم فہیم کو قتل کیس میں گرفتار کیا تھا، پولیس کی جانب سے ملزم فہیم کو ہتھکڑی لگا کر کینٹ کچہری میں پیشی کے لیے لایا گیا، کینٹ کچہری کے مین گیٹ پر پہلے سے گھات لگائے مخالفین نے ملزم فہیم پر فائرنگ کردی ۔
موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے دونوں ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا، ریسکیو اہلکاروں نے زخمی ملزم فہیم کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کردیا، فائرنگ کرنیوالے گرفتار ملزمان کو تفتیش کیلئے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ فائرنگ سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا۔
اس سے قبل بھی سیشن کورٹ اور ضلع کچہری میں ہتھکڑیوں میں جکڑے ملزموں پر فائرنگ کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔