فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں پٹرولنگ پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے وقاص نامی شہری کی پوسٹمارٹم رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔ وقاص کو موت سے قبل مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔
فیصل آباد میں تھانہ ڈجکوٹ کے علاقے میں گاڑی نہ روکنے پر پٹرولنگ پولیس کی جانب سے کار پر فائرنگ کردی تھی۔ جس سے کار میں سوار وقاص نامی شہری جاں بحق ہوگیا تھا۔وقاص کی پوسٹمارٹم رپورٹ بھی دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔
پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق وقاص کے جسم میں فائر لگنے کے بعد گولی جسم سے باہر نکل گئی جبکہ وقاص کے منہ اور ماتھے سمیت جسم کے 6 مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ہیں جبکہ شہری پر فائرنگ کرنے والے پٹرولنگ پولیس کے چاروں اہلکار تھانہ پولیس کی زیر حراست ہیں۔
چاروں اہلکاروں کو انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھانہ ڈجکوٹ پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔ گرفتار پولیس اہلکاروں کو دوبارہ 3 فروری کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔