لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن اے سے لیکر زیڈ تک جتنے مر ضی پلان بنالے فرق نہیں پڑتا، پی ڈی ایم کے پہلے تمام پلان فیل ہوچکے، آئندہ بھی فیل ہونگے۔
گورنر پنجاب چودھری سرور سے قومی اسمبلی مجلس قائمہ خزانہ کے چیئرمین فیض اللہ کوموکا نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر چودھری سرور کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جماعتیں کبھی ایک پیج پر آئی ہیں اور نہ ہی آئندہ آئیں گی، ترقی کی راہ میں اپوزیشن کا رکاوٹوں کو منصوبہ ملک مفاد میں نہیں، عمران خان حالات سے سمجھوتہ کر نیوالے نہیں، ڈٹ جانے والے لیڈر ہیں۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں وزیر اعظم عمران خان جو کہتے ہیں کر کے بھی دکھاتے ہیں، حکومت اور اتحادی متحد ہیں مگر پی ڈی ایم میں درجن مختلف موقف ہیں، ملک میں احتساب کو بریک لگے گی نہ ہی حکومت اپنے موقف سے پیچھے ہٹے گی، سیاسی مخالفین کے پاس کوئی نظریہ اور اصول نہیں، پی ڈی ایم عارضی اتحاد ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے احتجاج اور لانگ مارچ کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہونے والی نہیں، وزیر اعظم عمران خان ملک کو درست سمت میں لیکر جا رہے ہیں۔ فیض اللہ کاموکا کا کہنا تھا کہ پہلی بار عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام ہو رہا ہے، اپوزیشن کا انتشار اور فساد پر مبنی ایجنڈا ناکام ہوگا۔