لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بزدار صاحب پنجاب نہیں، آپ کے رشتے دار اور فرنٹ مین ترقی کر رہے ہیں، کب تک آپ اپنی سادگی اور شرافت کے ڈھونگ کے پیچھے چھپتے رہیں گے۔ جس شخص کو کوئی اینٹوں کے بھٹے پر منشی نہ رکھے، عمران خان نے اس کے حوالے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ کردیا ہے۔
وزیراعلی عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل میں مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا کہ بزدار صاحب آپ نے کونسی دودھ اور شہد کی نہروں کی کھدائی کرائی ہے جن کے راستے میں پی ڈی ایم رکاوٹیں کررہی ہے، آپ باقاعدگی سے اپنی وٹس ایپ کلاسز لیں اور اپنی سرکار سے روزانہ دم درود کرایا کریں، آپ کے کچھ وزیر آپ کے خلاف سازشیں کررہے ہیں ان کےلئے چلہ کاٹیں، پنجاب کے عوام آج شہبازشریف کی گڈ گورننس اور مینجمنٹ کو یاد کررہے ہیں۔
عظمی بخاری نے کہا کہ عثمان بزدار نے اڑھائی سالوں میں پروٹوکول انجوائے کرنے کے علاوہ ایک گلی بھی مرمت نہیں کرائی، انہوں نے کھوکھر پیلس گرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے سٹے آڈر کے باوجود بزدار انتظامیہ نے کھوکھر پیلس گرایا۔ بزدار انتظامیہ توہین عدالت کے مرتکب ہوئی ہے، کھوکھر برادران کو نوازشریف کا ساتھ دینے کی سزا دی جارہی ہے، عظمی بخاری نے واضح کیا کہ بزدل حکومت کی انتقامی کاروائیوں سے نوازشریف کے شیر گھبرانے والے نہیں۔