لاہور: (دنیا نیوز) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے سی این جی اسٹیشنز کو بارہ گھنٹوں کے لیے گیس سپلائی بحال کردی. سی این جی اسٹیشنز کو صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک گیس سپلائی جاری رہے گی۔ سوئی نادرن گیس کے مطابق یہ فیصلہ گیس کی موجودہ طلب و رسد میں بہتری آنے پر کیا گیا۔
لاہور سمیت پنجاب اور اسلام آباد میں سی این جی اسٹیشنز آج صبح 6 بجے 12 گھنٹے کےلیے کھل گئے۔ ملک میں گیس کی شارٹیج کی وجہ سے پنجاب اور پوٹھوہار کے سی این جی اسٹیشنوں کو گزشتہ تقریبا 27روز سے گیس کی فراہمی معطل تھی، گیس اسٹیشنوں کی بندش سے سی این جی اسٹیشن مالکان کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ سی این جی کی دستیابی پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
رہنما آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں ہیں کہ آئندہ موسم سرما میں سی این جی سیکٹر اپنی پرائیویٹ ایل این جی امپورٹ کررہا ہوگا جس سے سی این جی کا کاروبار مسلسل چلتا رہے گا۔