اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد شبلی فراز شہباز گل پر برہم ہوگئے۔ وفاقی وزیراطلاعات نے معاون خصوصی کو صحافیوں سے بات کرنے سے روک دیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی و اتحادی پارلیمانی پارٹیز کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے معاون خصوصی شہباز گل کو جھاڑ پلاتے ہوئے صحافیوں کو بریفنگ دینے سے منع کر دیا۔
وفاقی وزیر شبلی فراز نے شہباز گل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں کیا کر رہے ہیں، جس پر شہباز گل نے کہا کہ وہ اجلاس کی تفصیلات صحافیوں کو بتا رہے ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام آپ کا نہیں میرا ہے، آپ ایسا نہ کریں۔
شبلی فراز کی جانب سے برہمی کا اظہار کرنے پر معاون خصوصی وضاحتیں پیش کرتے رہے، تاہم وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے شہباز گل کو کہا کہ اگر انہوں نے میڈیا پر کچھ کہنا ہے تو آجائیں میرے ساتھ مل کر پریس کانفرنس کرلیں۔