پی ڈی ایم میں بے اتفاقی، تمام جماعتوں کے اپنے مفادات ہیں، شبلی فراز

Published On 27 January,2021 06:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کو تمام اہداف میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ڈی ایم اہداف دیتی رہی اور ہر بار اسے ناکامی ہوئی۔ اپوزیشن میں آپس میں اتفاق نہیں کیونکہ ان کے اپنے اپنے مفادات ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالی تو تجارتی خسارہ بہت زیادہ تھا۔ معیشت کا پہیہ چلانے کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑے۔ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے مصنوعی طریقے سے ڈالر کی قدر کم کر رکھی تھی۔ اپوزیشن قرضوں کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کرتی ہے۔ ڈال رکی قیمت کم ہونے سے 3 کھرب کے قرض کا اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ برآمدات بڑھی ہیں، درآمدات کم ہوئی ہیں، معیشت کی بہتری کے نتائج جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔ 11 کھرب کے قرض میں سے 6 کھرب پچھلے قرضوں کی ادائیگیوں میں صرف ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں کچھ ہی ہفتے رہ گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ الیکشن شفاف ہونے چاہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکمرانوں نے ملک کو دیوالیہ کیا۔ براڈ شیٹ کا واقعہ سب کے سامنے ہے۔ ہمارا جمہوری فرض ہے کہ براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کریں۔
 

Advertisement