اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو فارن فنڈنگ کا جواب دینا پڑے گا۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی وزرا کا اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل، براڈ شیٹ اور قبضہ مافیا سمیت اہم معاملات پر انھیں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں قبضہ مافیا سے سرکاری زمینیں ہر صورت واگزار کرانے کا فیصلہ کی گیا۔
مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے سرکاری املاک پر قبضہ، کھوکھر برادران، جاوید لطیف اور دانیال عزیر کے سرکاری اراضی پر قبضے سے متعلق مقدمات پر بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا 15 سے 20 ارب کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک بھر میں قبضہ مافیا سے سرکاری زمینیں خالی کرائی جائیں گی۔ سیاست اور جمہوریت کی آڑ میں کسی کو مال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کا الزام لگانے والے خود فارن فنڈنگ میں ملوث نکلے، مولانا فضل الرحمان کو بھی فارن فنڈنگ کا جواب دینا ہوگا۔
سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ پر وزیراعظم نے کہا کہ اس کے لیے آئینی ترمیم لائیں گے۔ چاہتے ہیں سینیٹ انتخابات شفاف ہوں۔ ظالموں چوروں کے ساتھ کھڑنے ہونے کا نام سیاست نہیں، ہمارے خلاف کیس کیا کرنے والے خود پھنس چکے ہیں۔
اجلاس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ پر ترجمانوں کو بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اب یہ اردو ترجمہ کروائیں گے تو انہیں پتا چل جائے گا۔
براڈ شیٹ سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید ہی اس کی تحقیقات کریں گے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔