خواجہ آصف کو جیل میں گھر کا کھانا اور دیگر سہولیات ملیں گی، عدالت نے اجازت دیدی

Published On 28 January,2021 05:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کو جیل سہولیات فراہم کرنے کی درخواست منظور کر لی ہے۔ عدالت نے لیگی رہنما کو گھر کا کھانا، ہیٹر اور طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے خواجہ آصف کی جیل میں سہولیات لینے کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں کہا گیا کہ پنجاب کے معزز گھرانے سے تعلق ہے سات بار رکن اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں، سابق وزیر دفاع ہیں بار کے ممبر اور پاکستان کے بزرگ شہری ہیں، انھیں قانون کے مطابق سہولیات دی جائیں۔

ادھر جیل حکام نے بھی عدالت میں جواب جمع کرا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف کو علیحدہ سیل میں رکھا گیا ہے، انہیں ٹی وی اور اخبار کی سہولت دی گئی ہے جبکہ ہیٹر اور گھر کا کھانا عدالتی حکم سے مشروط ہوگا۔

عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر خواجہ آصف کی درخواست منظور کر لی اور انہیں جیل میں سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
 

Advertisement