اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے دنیا کو ایک بار پھر باور کرا دیا ہے کہ بھارت افغانستان سے پاکستان کیخلاف سازش کر رہا ہے۔ خطے کا امن بھارت کے درست سمت میں چلنے پر منحصر ہے۔
تفصیل کے مطابق مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر کیا گیا اپنا وعدہ پورا کرے۔ کشمیری اقوام متحدہ کے کئے گئے فیصلوں پر عمل نہ ہونے پر مایوس ہیں۔
معید یوسف کا ترکی کی انادولو نیوز ایجنسی کو خصوصی انٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ ہماری جامع سیکیورٹی پالیسی ہے جس کا ہدف انسانی سلامتی اور فلاح ہے۔ پاکستان بین الاقوامی قانون پر یقین رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے ہندوستان کو صحیح اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے۔ خطے میں امن ہندوستان کے درست سمت میں چلنے پر منحصر ہے۔ پاکستان اپنا موقف اور جائز مطالبات دنیا کو فعال طریقہ سے باور کرتا رہے گا۔
مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وژن کے تین ستون، علاقائی امن، راہداری اور ترقیاتی شراکت داری ہیں، پاکستان پوری دنیا کو معاشی اڈے فراہم کرنے کے لئے کھلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی میڈیا پاکستان کو غلط تاثر پیش کر رہا ہے۔ کشمیر زمین کے تنازعہ سے پہلے انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔ پاکستان امن کے لئے اور اصولی طور پر بات چیت کیلئے کھڑا ہے۔ یہ پوری دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کریں۔ ہندوستان کی خارجہ پالیسی پاکستان کو نقصان پہنچانے کے گرد گھومتی رہتی ہے۔