اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی کرنے والے 3 اراکین کو شوکاز جاری کر دیئے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر، (ن) لیگ کے حامد حمید اور پی ٹی آئی ایم این اے عطا اللہ خان کو شوکاز جاری کئے گئے ہیں۔ تینوں اراکین قومی اسمبلی کو ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیل کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی کے معاملے پر سپیکر اس قیصر کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ایوان کے تقدس کو کسی صورت پامال نہیں ہونے دوں گا۔ ایوان کا ماحول خراب کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تینوں اراکین پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے شوکاز نوٹسز کے تسلی بخش جواب نہ دیئے تو ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے 4 فروری کے اجلاس میں ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا۔ تینوں ارکان نے ہنگامہ آرائی کی اور غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کئے تھے۔