اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت مستحقین کے تعین کے لئے سروے کیا جا رہا ہے، احساس کفالت پروگرام سے 70 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کلر سیداں میں احساس کفالت پروگرام کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت رقم کی ادائیگیوں کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے، احساس کفالت پروگرام کے تحت ستر لاکھ خاندان مستفید ہوں گےؕ
ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا۔ احساس پروگرام کے تحت مستحقین کے تعین کے لئے سروے کیا جا رہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر مستحق افراد کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔