ٹیسٹ کرکٹ پاکستان میں ہونا خوش آئند، ہوم سیریز جیتنے پر خوشی ہوئی: یونس خان

Published On 10 February,2021 03:57 pm

لاہور: (دنیا نو ز) بیٹنگ کوچ یونس خان نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے،ہوم سیریز جیتنے پر خوشی ہوئی، کوویڈ کی وجہ سے شائقین کرکٹ گراونڈ میں پاکستان کی تاریخی جیت نہ دیکھ سکے۔

قومی کرکٹ ٹیم کےبیٹنگ کوچ یونس خان نے ویڈیو لنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ٹیسٹ کرکٹ پاکستان میں ہونے سے نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ٹی ٹونٹی کرکٹ مختلف گیم ہے،یہ سیریز بھی جیتنے کی کوشش کرینگے،اوپننگ بلے بازوں کا پرفارم نہ کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ انگلینڈ، نیوزی اور اب جنوبی افریقہ کیخلاف بھی اوپننگ نہیں چلی۔ لوئر مڈل آرڈر میں ہمیں فواد عالم کی شکل میں کھلاڑی ملا۔

انہوں نے کہا کہ فاسٹ باولنگ آل راونڈر کی کمی تھی جس کو فہیم اشرف نے کچھ حد تک پورا کیا ہے، میری خواہش ہے کہ فہیم اشرف جیک کیلس اور عبدالرزاق جیسا آل راونڈر بنے، مجھے ٹاسک دیا گیا تھا کہ لوئر آرڈر کو پرفارم کروانا ہے،آخری ایک دو سیریز میں انہیں پرفارم کرتے دیکھا ہے، فیلڈنگ کے ساتھ بیٹنگ اور باولنگ بھی بہترین ہونی چاہیے۔