نالہ لئی منصوبے کی منظوری،وزیراعظم نےفوری کام شروع کرنیکی ہدایت کردی

Published On 11 February,2021 05:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی کے نالہ لئی منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے اس پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت نالہ لئی منصوبے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور سینئر افسران شریک ہوئے۔

ڈاکٹر سلمان شاہ اور چیف سیکرٹری پنجاب نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کا تخمینہ 75 ارب روپے ہے جو دو سال میں مکمل ہوگا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت نالہ لئی کے دونوں اطراف ایکسپریس وے تعمیر کی جائے گی۔ سرکاری زمین پر دو مالز بھی بنائے جائیں گے۔ منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ علاقے کی زوننگ اور ذیلی قوانین میں تبدیلی کا عمل بھی چند ہفتوں میں مکمل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایکسپریس وے کے دونوں اطراف کثیر المنزلہ اور کمرشل مارکیٹیں تعمیر ہو سکیں گی۔ راولپنڈی کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔ منصوبہ راولپنڈی شہر کی ٹرانسفارمیشن میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
 

Advertisement