کراچی کی ایک اور فیکٹری شعلوں کی لپیٹ میں آگئی، فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا

Published On 12 February,2021 08:59 am

کراچی: (دنیا نیوز) نیو کراچی سیکٹر الیون جے میں زری فیکڑری میں لگنے وال آگ پر فائر برگیڈ کی تین گاڑیوں نے قابو پالیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں عمارت میں پھنسنے والے تمام افراد کو بحفاظت بچالیا گیا۔

نیو کراچی سیکٹر الیون جے کی زری فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ عمارت کی تیسری منزل پر لگی جہاں زری کا کام کیا جا رہا تھا۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا گیا جبکہ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فیکٹری ملازمین اور چھت پر موجود چوکیدار کے اہل خانہ کو باحفاظت فیکٹری سے باہر نکال لیا۔

واقعے کے بعد واٹر بورڈ کی جانب سے مختلف واٹر ہائڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ فائر برگیڈ کی تین گاڑیوں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ فائر افسر کے مطابق نیو کراچی فائر سٹیشن ٹیکنیکل خرابی کے باعث بند ہے جس کے باعث سہراب گوٹھ فائر سٹیشن سے گاڑی طلب کی گئی۔

آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں روپے کا سامان اور مشینری جل کے خاکستر ہوگئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر آگ زری مشین میں خرابی کے باعث لگی۔
 

Advertisement