کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک، 5 گرفتار

Published On 08 February,2021 08:13 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد بڑی تباہی سے بچ گیا۔ شاہ لطیف ٹاؤن میں سی ٹی ڈی کے چھاپے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ 5 کو گرفتار کر لیا گیا۔

 رات گئے کراچی کا علاقہ شاہ لطیف ٹاون گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا۔ کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو دہشتگردوں نے جدید اسلحے سے فائرنگ کر دی۔ دستی بموں
سے حملہ کیا اور سی ٹی ڈی کی بکتر بند گاڑی کو بھی نشانہ بنایا۔

سی ٹی ڈی نے بھی کمپاونڈ کا محاصرہ کر کے جوابی کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ایک دہشتگرد مارا گیا جبکہ 5 گرفتار کر لئے گئے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے 4 کلاشنکوف، 4 خود کش جیکٹس، 15 دستی بم اور بارود سے بھرا رکشہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق تفتیش کی جا رہی ہے کہ دہشتگردوں کا تعلق کس گروپ سے ہے، اہم انکشافات متوقع ہیں۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے کہا ہے کہ پچھلے 2 ہفتوں سے دہشتگردوں کی شہر میں موجودگی کی اطلاع تھی، حساس اداروں کی فراہم کردہ اطلاعات پر چھاپہ مارا۔