لاہور: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ دفاع وطن اور ملک میں قیام امن کے عظیم مقاصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر قوم کے قابل فخر سپوت ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں 4 فوجی جوانوں کی شہادت پر بے حد افسوس ہے، شہدا کے اہل خانہ کے صبر و استقلال و جرات کو سلام، آخری سانسیں لیتے دہشتگردوں کی باقیات کو ختم کر کے دم لیں گے۔
یاد رہے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں نے سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، جوابی کارروائی میں 4 امن دشمن مارے گئے، دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 4 جوان مادر وطن پر قربان ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی انیس الرحمان اور سپاہی عزیز شامل ہیں۔