عثمان ڈار نے وزیراعظم کے معاون خصوصی کا عہدہ چھوڑ دیا

Published On 12 February,2021 03:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عثمان ڈار نے انتخابی قوانین کے پیش نظر وزیراعظم کے معاون خصوصی کا عہدہ چھوڑ دیا۔ پی ٹی آئی رہنما نے این اے 75 کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے وزیراعظم سے اجازت مانگی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی خواہش پر کابینہ ڈویژن نے انہیں ڈی نوٹیفائی کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات مکمل ہونے کے بعد عثمان ڈار دوبارہ معاون خصوصی کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں۔

سیالکوٹ میں ضمنی انتخابات: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، عثمان ڈار کو نوٹس جاری

ادھر الیکشن کمیشن نے این اے 75 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے معاون خصوصی عثمان ڈار کو نوٹس جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن نے معاون خصوصی عثمان ڈار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی عہدہ رکھتے ہوئے انتخابی مہم میں حصہ کیوں لیا ؟۔ الیکشن کمیشن نے ڈسکہ میں انتخابی امیدوار کے ہمراہ موجودگی کو الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے عثمان ڈار کو ذاتی حیثیت میں ڈسکہ کے مقامی آفس پیش ہونے کی بھی ہدایت کر دی۔

واضح رہے این اے 75 سیالکوٹ کے ضمنی انتخابات کی مہم حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی۔ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے ارکان انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ انتخابی مہم میں اپوزیشن جماعتوں کے منتخب ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی، جن میں احسن اقبال، رانا ثناء، خرم دستگیر، جاوید لطیف بھی شامل ہیں۔

یاد رہے این اے 75 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کا معرکہ 19 فروری کو سجے گا۔ علی اسجد ملہی تحریک انصاف کی ٹکٹ پر انتخاب لڑیں گے۔
 

Advertisement