پی ڈی ایم سرکاری ملازمین کو مشتعل کرنیکی کوشش میں بری طرح ناکام رہی: شیخ رشید احمد

Published On 12 February,2021 06:43 pm

اسلام آباد: (اے پی پی) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے پوری کوشش کی کہ وہ سرکاری ملازمین کو مشتعل کر سکیں جس میں وہ بری طرح ناکام رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الحمدللہ وزیراعظم عمران خان نے کل گریڈ ایک سے 19 تک مرکزی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد کا اضافہ کر دیا اور صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھی ہماری ہدایت پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ گریڈ ایک سے 19 تک مرکزی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کے علاوہ پمز کے ڈاکٹروں کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی سے طے پا چکے ہیں اور سب سے بڑی بات تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے ہمارا معاملہ خوش اسلوبی کے ساتھ طے پا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ناموس رسالت کے تحفظ لئے کچھ بھی کرنے کے لئے تیار ہے۔ پی ڈی ایم نے پوری کوشش کی کہ وہ سرکاری ملازمین کو مشتعل کر سکیں جس میں وہ بری طرح ناکام رہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ ہمارے ہاتھ اپوزیشن کی چوری اور لوٹ مار کی وجہ سے بندھے ہوئے ہیں، گزشتہ روزوزیراعظم نے نالہ لئی کے لئے بھی 70 ارب جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں تاکہ دو سال کے اندر نالہ لئی کو مکمل کیا جائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ منصوبہ راولپنڈی کا نقشہ بدل کر رکھ دے گا اور وزیر اعظم عمران خان نے اس منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
 

Advertisement