لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جعلی راجکماری ایک بار پھر اداروں پر حملہ آور ہے، اداروں کو متنازعہ بنا کر اپنا الو سیدھا کرنا جعلی راجکماری کے خاندان کا وطیرہ رہا ہے، پی ڈی ایم کا انجام عبرتناک نظر آ رہا ہے، کرپٹ سیاستدانوں کا کوئی مستقبل نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ کرپٹ ٹولے نے نان ایشوز پر سیاست چمکا کر اپنا تماشہ خود لگوایا، اب بھی انہیں رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، ادارے ہمارا فخر ہیں، جعلی راجکماری اور کرپٹ ٹولے کی ہر مذموم سازش ناکام رہے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں یقینی شکست دیکھ کر کرپشن میں ڈوبی راجکماری اور کنیزاؤں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، ناکامی اور شکست کا داغ پی ڈی ایم کے بدنام زمانہ ٹولے کے ماتھے پر لکھا جا چکا ہے، کل تک سینیٹ الیکشن کا بائیکاٹ کرنے والا ٹولہ اب کس منہ سے انتخابات میں حصہ لے رہا ہے، جعلی شیر سینیٹ الیکشن میں گیدڑ ثابت ہوں گے۔