اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی تنظیموں کے سینیٹ ٹکٹوں پر اعتراضات پر غور کیا گیا، بلوچستان میں ٹکٹ کے حوالے سے بھی اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس بنی گالہ چئیرمین سیکرٹریٹ میں ہوا، صوبائی تنظیموں کے اعتراضات پر غور کیا گیا۔ پارلیمانی بورڈ کی ٹکٹوں سے متعلق تجاویز پر مشاورت کی گئی۔ سندھ اور خیبر پختونخوا سے بعض امیدواروں کو ٹکٹ دینے کے فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم نے پنجاب سے پارٹی کے اعلی رہنماؤں کو اسلام آباد بلالیا۔ گورنر پنجاب چودھری سرور اسلام آباد پہنچ گئے۔ گورنر پنجاب سینٹ کے حوالے سے مشاورتی عمل میں شریک ہوں گے۔ وزیراعظم پارلیمانی بورڈ کے دیگر ارکان اور سینئر رہنماؤں سے مشاورت کرئنگے۔ عمران خان سینیٹ انتخابات کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے بھی مشاورت کرینگے۔
پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں سینیٹ امیدواروں کی جیت کی پلاننگ پر مشاورت ہوگی۔ خیبر پختونخوا میں ایک یا دو ٹکٹ ہولڈرز کے کوررنگ امیداروِں کے ناموں پر غور ہوگا۔ تمام اتحادیوں کے ساتھ تعاون کی پالیسی کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔