سینیٹ انتخابات: 48 نشستوں پر 170 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے

Published On 16 February,2021 09:50 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ انتخابات 2021 کے لئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ سینیٹ کی 48 نشستوں پر 170 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست آج جاری ہونے کا امکان ہے جبکہ کوائف کی سکروٹنی کا عمل کل سے شروع ہوگا

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کی 11 نشستوں پر 29 امیدوار سامنے آئے۔ سندھ کی 11 نشستوں پر 39 امیدواروں نے خیبر پختونخواہ کی 12 نشستوں پر 51 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر 41 امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ اسلام آباد کی دو نشستوں پر 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

پنجاب سے جنرل نشستوں کے لیے 21، ٹیکنو کریٹس اور علماء کے لیے 3، خواتین کی نشستوں پر 5 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔ سندھ میں جنرل نشستوں کے لیے 19، ٹیکنو کریٹس 11 اور خواتین کی نشستوں کے لیے 9 کاغذات جمع ہوئے۔ خیبرپختونخواہ میں جنرل نشستوں کے لیے 22، ٹیکنو کریٹس اور علماء کے لیے 11، خواتین کے لیے 13 اور اقلیتی نشست کے لیے 5 امیداوار میدان میں آئے۔

بلوچستان میں جنرل نشستوں پر 19، ٹیکنو کریٹس پر8، خواتین نشستوں کے لیے 9 اور اقلیتی نشست کے لیے 5 کاغذات جمع ہوئے۔ اسلام آباد سے جنرل نشست کے لیے 6 اور خواتین کی نشست کے لیے 4 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
 

Advertisement