اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے بعد ن لیگ میں بھی سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات، پارٹی میں دو گروپ آمنے سامنے، لیگی قیادت ٹکٹوں کا فیصلہ نہ کر سکی۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف گروپ نے مشاہد اللہ خان کو ٹکٹ دینے کی مخالفت کی۔ گروپ نے موقف اپنایا کہ مشاہد اللہ خاں بیمار ہیں، کسی متحرک رہنما کو سینیٹ کا ٹکٹ دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کے دوسرے گروپ نے اعظم نذیر تارڑ کو ٹکٹ دینے کی مخالف کی۔ دوسرے گروپ نے اعتراض کیا کہ اعظم نذیر تارڑ کی پارٹی کیلئے کیا خدمات ہیں ؟ اعظم نذیر تارڑ کے بجائے زاہد حامد کو ٹکٹ دیا جائے۔ مشاہداللہ خاں کے بجائے عرفان صدیقی کو میدان میں اتارے جانے کا امکان ہے۔
ادھر سینیٹ انتخابات 2021 کے لئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ سینیٹ کی 48 نشستوں پر 170 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست آج جاری ہونے کا امکان ہے جبکہ کوائف کی سکروٹنی کا عمل کل سے شروع ہوگا
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کی 11 نشستوں پر 29 امیدوار سامنے آئے۔ سندھ کی 11 نشستوں پر 39 امیدواروں نے خیبر پختونخواہ کی 12 نشستوں پر 51 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر 41 امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ اسلام آباد کی دو نشستوں پر 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
پنجاب سے جنرل نشستوں کے لیے 21، ٹیکنو کریٹس اور علماء کے لیے 3، خواتین کی نشستوں پر 5 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔ سندھ میں جنرل نشستوں کے لیے 19، ٹیکنو کریٹس 11 اور خواتین کی نشستوں کے لیے 9 کاغذات جمع ہوئے۔ خیبرپختونخواہ میں جنرل نشستوں کے لیے 22، ٹیکنو کریٹس اور علماء کے لیے 11، خواتین کے لیے 13 اور اقلیتی نشست کے لیے 5 امیداوار میدان میں آئے۔
بلوچستان میں جنرل نشستوں پر 19، ٹیکنو کریٹس پر8، خواتین نشستوں کے لیے 9 اور اقلیتی نشست کے لیے 5 کاغذات جمع ہوئے۔ اسلام آباد سے جنرل نشست کے لیے 6 اور خواتین کی نشست کے لیے 4 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔