تھرپارکر ضمنی الیکشن: پیپلز پارٹی کے امیر علی شاہ فاتح

Published On 22 February,2021 08:17 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تھرپارکر میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 221 پر ضمنی انتخاب کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار امیرعلی شاہ ایک لاکھ 2 ہزار 232 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ جبکہ ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے نظام الدین 52 ہزار 522 ووٹ ہی حاصل کرسکے۔

 تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھرپارکر 1 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں سمیت 12 امیدوار مدمقابل ہیں۔ پیپلز پارٹی کے پیر امیر علی شاہ کامیاب رہے اور پی ٹی آئی کے نظام الدین دوسرے نمبر پر رہے۔

علاوہ ازیں ضمنی الیکشن کے دوران کیسرارسموں میں قائم گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول میں پولنگ سٹیشن میں آگ لگ گئی۔ ایس ایس پی تھرپارکر حسن سردار کے مطابق آگ حادثاتی طور پر لگی اور بیلٹ باکس جل گئے، لیکن بیلٹ پیپر محفوظ رہے۔ تاہم پولنگ کا عمل متاثر ہوا۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے تھر پار کر کے ضمنی انتخاب کے پر امن انعقاد پر مُسرت کا اظہار کرتے ہوئے سندھ کی انتظامی مشینری کو سراہا ہے۔

 

Advertisement