کراچی: (دنیا نیوز) سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے گئے۔ الیکشن ٹربیونل نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف اپیل منظور کرلی۔ الیکشن ٹربیونل نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ٹیکنوکریٹ کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔
الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف اپیل کی سماعت کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سیف اللہ ابڑو نے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے، ان کے اثاثوں میں اچانک کئی گنا اضافہ ہوا، ریٹرننگ افسر نے سنے بغیر ہی سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے، ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم اور سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔
دوسری جانب الیکشن ٹریبونل نے پرویز رشید کی ریٹرنگ آفیسر کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی اور پنجاب ہاؤس کے ذمہ دار افسر کو کل ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے پرویز رشید کی ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔ پرویز رشید اپنے وکلا سمیت پیش ہوئے۔
پرویز رشید کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ پرویز رشید نے واجبات ادا کرنے کی کوشش کی لیکن واجبات وصول نہیں کیے گئے، پرویز رشید 28 گھنٹے پیسے لے کر پھرتے رہے کسی نے رقم وصول نہیں کی۔ جسٹس شاہد وحید نے واضح کیا کہ پرویز رشید نے جب پنجاب ہاؤس سے چیک آؤٹ کیا تب ہی یہ رقم جمع کرانی چاہیے تھی۔ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو بھی کل کے لیے نوٹس جاری کر دیئے۔