لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے سے ٹیکنوکریٹ اور جنرل نشستوں پر تمام جماعتوں کے امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن پنجاب ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم نذیر تارڑ، سید علی ظفر، ڈاکٹر زرقا، سعدیہ عباسی، ساجد میر، عرفان الحق صدیقی، اعجاز چودھری، عون عباس اور کامل علی آغا بھی کامیاب ہو گئے ہیں۔
ذرائع الیکشن کمیشن پنجاب کا کہنا ہے کہ سیف اللہ سرور نیازی بھی پنجاب سے بلامقابلہ سینیٹر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ عظیم الحق منہاس اور سیف الملکوک کھوکھر نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔
مشاہد اللہ خان مرحوم کے صاحبزادے افنان اللہ خان بھی سینیٹر منتخب ہو گئے ہیں۔ سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کل جاری ہونے کا امکان ہے۔
صوبہ سندھ کی بات کی جائے تو وہاں سے سینیٹ کی گیارہ نشتوں پر 17 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ سندھ سے سینیٹ انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی کے گیارہ امیدوار میدان میں ہیں۔
اس کے علاوہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی دو، دو جبکہ جی ڈی اے اور ٹی ایل پی کا ایک، ایک امیدوار مقابلے پر ہے۔
ٹیکنوکریٹ پر پیپلز پارٹی کے دو، پی ٹی آئی اور ٹی ایل پی کا ایک، ایک امیدوار مقابلے پر ہے۔
خواتین کی مخصوص نشست پر پیپلز پارٹی کے دو اور ایم کیو ایم کا ایک امیدوار ہے۔ تحریک انصاف کی طرف سے کوئی خاتون امیدوار نہیں ہے۔
دوسری جانب بلوچستان سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کے بلوچستان سے نامزد واحد امیدوار ظہور آغا سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ظہور آغا نے جنرل نشت کر کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لئے الیکشن کمیشن کے دفتر میں درخواست جمع کرا دی ہے، وہ ریٹرننگ آفیسر کے سامنے خود بھی پیش ہوئے۔
ادھر بی اے پی کے اورنگزیب جمالدینی بھی سینیٹ انتخابات لڑنے سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ بلوچستان سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر اب 32 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
خیبر پختونخوا سے خبریں ہیں کہ سینیٹ انتخابات کیلئے وہاں سے سات امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔ سینیٹ کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار مینا خان آفریدی کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے گئے ہیں۔
تحریک انصاف کے امیدوار نجی اللہ خٹک نے بھی کاغذات نامزدگی واپس لینے کی درخواست بجھوا دی ہے۔ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر آزاد امیدوار سینیٹر بیرسٹر سیف بھی سینٹ انتخابات سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آزاد امیدوار شکیل آفریدی بھی الیکشن سے دستبردار ہو چکے ہیں۔ ان کے علاوہ پی ٹی آئی کے دوست محمد خان نے بھی جنرل نشست سے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔
آزاد امیدوار نصراللہ خان وزیر بھی کاغذات واپس لینے والوں میں شامل ہیں۔ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر وزیراعلیٰ شکایات سیل کے انچارج دلروز خان بھی دستبردار ہو گئے ہیں جبکہ خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی فرزانہ جاوید بھی انتخابات سے دستبردار ہو گئی ہیں۔