اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور چین میں سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریبات کا آغاز منگل سے ہو رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات 21 مئی 1951ء کو قائم ہوئے۔ رواں سال دونوں ملکوں کے مابین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہو رہے ہیں۔
70ویں سالگرہ کی تقریبات کو باضابطہ طور پر شروع کرنے کے لئے ایک ورچول تقریب بیک وقت کل 2 مارچ کو اسلام آباد اور بیجنگ میں منعقد ہو رہی ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ مسٹر وانگ یی تقریب میں اپنے اپنے ملک کی قیادت کریں گے۔دونوں ممالک اس تاریخی سنگ میل کی یاد کو مناسب انداز میں منانے کے لئے سال بھر سلسلہ وار تقریبات کا اہتمام کرتے رہیں گے۔