بیجنگ: (دنیا نیوز) چینی صدر شی جن پنگ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ملک نے غربت کے خلاف جنگ میں مجموعی طور پر فتح حاصل کر لی ہے۔
چین کے صدر نے بیجنگ میں تقریب میں دیہی غربت کے خاتمے کیلئے چین کی کوششوں کی مکمل فتح کا اعلان کیا۔ صدر پنگ کی قیادت کو پچھلے 8 سالوں میں تقریبا 100 ملین افراد کو غربت سے نجات دلانے کا سہرا جاتا ہے۔ سال 2020 میں چین کے دیہات میں سالانہ فی کس آمدن 619 امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دنیا بھر میں کورونا وبا کے پیش نظر معاشی سرگرمیوں میں شدید کمی آئی تھی، کورونا وبا کا آغاز چین سے ہوا جہاں 89 ہزار 871 افراد مرض سے متاثر ہوئے تاہم چینی حکومت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کورونا کو نہ صرف شکست دی بلکہ پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کو بھی کورونا سے مقابلہ کرنے میں مدد دی۔ عالمی لاک ڈاون کے دوران معاشی گراوٹ کے باوجود چین کی حالیہ ترقی اور غربت میں کمی دنیا کیلئے باعث رشک ہے۔