چین کا غربت کے خاتمے بارے وزیراعظم عمران خان کے بیان کا خیر مقدم

Published On 01 March,2021 11:16 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے اپنے ملک سے غربت کے خاتمے کے بارے میں وزیراعظم عمران خان کے مثبت بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غربت کے خاتمے کی کوششوں میں ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنے کو تیار ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان وانگ وین بین نے بیجنگ میں معمول کی بریفنگ کے دوران کہاکہ ہم چین سے غربت کے خاتمے سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے مثبت تبصرے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے صرف 35 سال کے عرصے میں 75 کروڑ چینی عوام کو خط غربت سے نکالنے پر صدر شی چن پنگ اور ان کی حکومت کو مبارک باد دی تھی۔

بعد میں چینی وزارت خارجہ کی سینئر ترجمان HUA CHUNYING نے بھی غربت کے خاتمے کے حوالے سے چین کی کامیابیوں کی تعریف کرنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔