اسلام آباد: (دنیا نیوز) علی گیلانی ویڈیو اسکینڈل سے متعلق رکن قومی اسمبلی جمیل خان نے بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا جس میں کہا ہے کہ پی پی رہنما یوسف گیلانی کی سینیٹ انتخابات میں مدد کے عوض علی گیلانی نے مجھے لالچ دی۔
علی گیلانی ویڈیو سکینڈل کے کردار رکن قومی اسمبلی جمیل خان کا بیان حلفی دنیا نیوز نے حاصل کر لیا ۔جمیل خان نے علی حیدر گیلانی کی پیشکش اور ویڈیو سے متعلق تفصیلات بیان حلفی میں جمع کرا دیں۔ جمیل خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عام انتخابات 2018 میں این اے 237 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوا، علی حیدر گیلانی اپنے والد یوسف رضا گیلانی کے لیے غیر قانونی طور پر ووٹوں کا انتظام کر رہے تھے،انہوں نے مجھ سے ملاقات کے لیے رابطہ کیا، اپنے آپ کو بچانے اور پارٹی مفادات کے تحفظ کے لیے علی حیدر گیلانی سے ملاقات کی ریکارڈنگ کی، واقعہ یکم مارچ کو پیش آیا،علی گیلانی نے مجھے یوسف گیلانی کی مدد کے عوض مختلف لالچ دیئے۔
جمیل خان نے تصدیق کی کہ علی حیدر گیلانی یہ سب اپنے والد کیلئے کر رہے تھے، یوسف گیلانی اسلام آباد سے سینیٹ کا نتیجہ اپنے حق میں چاہتے تھے، رکن قومی اسمبلی فہیم خان بھی میرے ساتھ موجود تھے، میں نے تمام صورتحال سے پارٹی سینئیرز کو آگاہ کیا۔ جمیل خان نے بیان حلفی میں مزید کہا کہ ویڈیو اور اس کے ٹراسکپرٹ کی تصدیق کرتا ہوں، الیکشن کمیشن کے بلانے پر بطور گواہ پیش ہوں گا۔