چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے ہیں، سعید غنی کا دعویٰ

Published On 10 March,2021 04:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر سعید غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن اپنا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنا سکتی ہے، ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں۔

یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کیلئے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا۔ اب چیئرمین سینیٹ کے انتخابات کیلئے شبلی فراز نے بیان دیا ہے کہ کسی قانون کے تحت نہیں چلیں گے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ شبلی فراز کے بیان نے حکومتی ارادے واضح کر دیئے ہیں، الیکشن کمیشن نوٹس لے۔ حکومت ہر حال میں چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیتنا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پتا ہے کہ ان کے لوگ ووٹ نہیں دیں گے۔ حکومت نے اپوزیشن کے ووٹ توڑنے ہیں۔ یہ کسی بھی شرط پرچیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیتنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے تمام اتحادیوں کو بھی دھوکا دیا۔ پیسے کا استعمال اگر کسی نے کیا تو تحریک انصاف نے کیا۔ پی ٹی آئی بطور جماعت کرپٹ ہے۔ فارن فنڈنگ کے پیسوں کو بھی انہوں نے مس یوز کیا۔ ان کے اپنے لوگوں نے کہا سیف اللہ ابڑو کو 35 کروڑ روپے کا ٹکٹ دیا گیا۔
 

Advertisement