فارن فنڈنگ کیس:اکبر ایس بابرنے سکروٹنی کمیٹی سے پی ٹی آئی کا ریکارڈ مانگ لیا

Published On 10 March,2021 05:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اکبر ایس بابر نے سکروٹنی کمیٹی سے پی ٹی آئی کا ریکارڈ مانگ لیا ہے۔ الیکشن کمیشن ان کی درخواست پر 16 مارچ کو سماعت کرے گا۔

تفصیل کے مطابق تحریک انصاف کی مبینہ غیر ملکی پارٹی فنڈنگ کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرائے گئے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ ہم 150 دفعہ الیکشن کمیشن اور کمیٹی میں پیش ہو چکے ہیں، آج سکروٹنی کمیٹی کا ایک اور اجلاس تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے درخواست کی ہے کہ 4 ملازمین کے اکاؤنٹس کی تفصیل سٹیٹ بینک کے ذریعہ حاصل کی جائے، ہماری جانب سے سیمپل اکاؤنٹ بھی فراہم کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس ہمارے نظام پر کلنک کا ٹیکہ ہے، یہ 30 دن کا معاملہ تھا، 3 سال ہو گئے لیکن تحقیقات باقی ہیں۔ ہم سے تحریک انصاف کے تمام اکاؤنٹس خفیہ رکھے گیے ہیں۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس ثابت کرتا ہے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس۔ امریکہ اور مڈل ایسٹ سے جو فارن فنڈنگ ہوئی اس کو چھپایا گیا۔ تمام ثبوت کے باوجود عمران خان کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اداروں سے درخواست ہے کہ قانون لاگو کریں، ثبوت موجود ہیں تو کارروائی کیوں نہیں ہوتی؟ کیا عمران خان قانون سے بالاتر ہیں؟

 

Advertisement