لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست پر نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے 7 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سرفراز ڈوگر پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے چودھری شوگر ملز کیس میں نیب کی مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست پر سماعت کی۔ نیب کی جانب سے خلیق الزماں اور فیصل بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نیب نے کہا کہ مریم نواز اپنی ضمانت کا غلط استعمال کر رہی ہیں، جس پر عدالت نے استفسار کیا مریم نواز نے ضمانت کا غلط استعمال کیا کیا ؟۔
وکیل نیب نے دلائل میں کہا کہ مریم نواز کو ضمانت کے بعد تفتیش کیلئے طلب کیا گیا، لیگی رہنما نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئیں، مریم نواز نے پیش ہونے کے بجائے نیب آفس پر پتھراؤ کرایا، نیب نے پتھراؤ کے معاملے پر مقدمہ بھی درج کرایا۔ عدالت نے نیب وکیل سے استفسار کیا آپ کن بنیادوں پر ضمانت خارج کرانا چاہتے ہیں ؟ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر نے کیس فائل کیا وہ کیوں دلائل نہیں دے رہے، وکیل نے کہا کہ اس کیس کو میں دیکھ رہا، اس لیے دلائل دے رہا ہوں۔