اسلام آباد: (اے پی پی) نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بحرین کے سرکاری دورے کے دوران بحرین کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف فیلڈ مارشل شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ، کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کے میجر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ، کمانڈ رائل بحرین نیول فورسز ریئرایڈمرل محمد یوسف الآسام اور ڈپٹی کمانڈریو ایس نیول فورسز سینٹرل کمانڈ کے ریئرایڈمرل کرٹ رینشاؤ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
رائل بحرین نیول فورسز کے ہیڈکوارٹرآمد پر کمانڈر بحرین نیول فورسز نے سربراہ پاک بحریہ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ امیر البحرکو رائل بحرین نیول فورسز کے استعدادکار کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
عسکری قیادت سے ملاقاتوں کے د وران بحری سیکیورٹی اور باہمی دفاعی تعلقات کے امور زیر بحث آئے۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرولزاور بحر ہند میں میری ٹائم سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ معززین نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔
بعدازاں نیول چیف نے ڈپٹی کمانڈریو ایس نیول فورسز سینٹرل کمانڈر ریئر ایڈمرل کرٹ رینشاؤ سے بھی ملاقات کی اور سمندری دفاع کی مشترکہ ذمہ داری کے حوالے سے بات چیت کی۔نیول چیف کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے مابین بالخصوص دفاعی تعاون میں مزید اضافے کی توقع کی جارہی ہے۔