راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن بقائے باہمی کے اصولوں پر کاربند ہے۔ مشقوں کا کامیاب انعقاد علاقائی امن کیلئے پاکستانی عزم کی تائید ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ندیم رضا نے یہ بات امن مشقوں کے انعقاد کے موقع پر کراچی میں ایک تقریب سے خطاب میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اور میری ٹائم جرائم کیخلاف اتحاد کے طور پر دیکھی جائیں گی۔ امن مشقوں سے علاقائی تعاون اور استحکام کو فروغ ملے گا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے امن مشقیں 2021ء دیکھیں اور کثیر الملکی مشقوں کیلئے پاک بحریہ کی کوششوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بحری مشقوں کے دوران میری ٹائم انسداد دہشتگردی کا مظاہرہ کیا۔ مشقوں میں 40 سے زائد ممالک کے بحری اثاثے اور دستے شریک ہیں۔
امن مشقوں کی سیریز کی یہ 7ویں مشقیں ہیں۔ امن مشقیں 11 سے 16 فروری تک جاری رہیں گی۔ امن مشقوں میں مختلف نوعیت کی ڈرلز کی جا رہی ہیں۔