راولپنڈی: (دنیا نیوز) کراچی میں پاک بحریہ کی قیادت میں ساتویں کثیر القومی امن 2021ء مشق کے تیسرے روز انسداد دہشتگردی مشقوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ مسلح افواج کے علاوہ سری لنکن بحریہ کے فوجی بینڈز نے بھی شرکا کے دل موہ لئے۔
تفصیل کے مطابق کراچی منوڑہ کے ساحل پر ساتویں کثیر القومی بحری مشق امن مشق کے تیسرے روز 45 ممالک اپنے بحری اثاثوں اور مندوبین کے ساتھ شریک ہوئے۔
جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ انسداد دہشتگردی کی مشترکہ مشقوں میں ہیلی کاپٹرز اور تیز رفتار بوٹس نے حصہ لیا۔
سپیشل فورسز کے اہلکاروں نےدہشتگردوں کی کمین گاہ تک پہنچ کر انہیں نیست و نابود کرنے اور مغویوں کو باحفاظت بازیاب کرانے کا عملی مظاہرہ کیا۔
پاک فوج کے جوانوں اور دیگر ممالک کے پیراگلائیڈرز نے پیرا شوٹنگ کا دلفرب مظاہرہ پیش کیا۔ پاک آرمی، فضائیہ، کوسٹ گارڈز، نیوی اور رینجرز
کے بینڈز نے مختلف دھنوں پر حاظرین کو خوب محظوظ کیا۔
پاک فضائیہ کے بینڈ نے ترکش ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کی دھن بھی بجائی۔ مختلف ممالک کے فوجی بینڈز نے بھی قومی اور جنگی دھنیں بجا کر خوب رنگ جمایا۔
نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے غیر ملکی وفود کو خوش آمدید کہا۔