نو ماہ بعد پاکستان ریلوے منافع بخش ادارہ بن جائے گا، وفاقی وزیر اعظم خان سواتی

Published On 19 March,2021 08:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ 9 ماہ بعد ریلوے منافع بخش ادارہ بن جائے گا، حکومت ریلوے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کا مال گاڑیوں کے ذریعہ 30 ارب منافع حاصل کرنے کا ہدف ہے جسے مزید بڑھایا جائے گا،معاشی استحکام کے لئے ریلوے کی ترقی ضروری ہے،ریلوے اور ایف ڈبلیو او یک جان دو قالب بن کر چلیں گے اور ملک کر کام کریں گے،ایف ڈبلیو او کے ساتھ مل کر ریلوے کو ترقی دیں گے، ریلوے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ریلوے کو ایک منافع بخش اور بہترین ادارہ بنا کر دم لیں گے، ریلوے کو مستحکم کرنا ہے کیونکہ ریلوے کے بغیر ترقی ممکن نہیں،اسلام آباد راولپنڈی میں جتنی بھی پراپرٹی ہے اس کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے ساتھ ڈویلپ کریں گے ، ڈویلپرز آگے آئیں اور ریلوے کے ساتھ شراکت داری کریں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے اراضی کو واگزار کرائیں گے اور اس زمین سے ریونیو حاصل کریں گے، رولپنڈی میں ریلوے پراپرٹی کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام وترقی کے لئے ریلوے کی ترقی ضروری ہے،کراچی میں ریلوے 4 ارب کا منصوبہ دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے زمین پر پھلدار درخت لگائے جائیں۔اعظم خان سواتی نے کہا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے لئے سب کو دعوت دیتے ہیں لیکن پرنسپل پارٹنر ایف ڈبلیو او ہوگا کیونکہ یہ جس طرح ہمارے ریلوے سٹیشن بنائیں گے اس طرح کوئی اور نہیں بناسکتا۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ایس او ہمیں کوئی بزنس نہیں دے رہا،پی ایس او چاہے تو 2 ہزار ویگنز کے ذریعہ تیل کی ملک بھر میں ترسیل ہوسکتی ہے۔

 

Advertisement