فیصل آباد: (دنیا نیوز) ٹرین آپریشن کے بعد ریلوے کا آئی ٹی سسٹم بھی آؤٹ آف آرڈر ہوگیا، ٹکٹوں کی بکنگ دو روز سے بند ہے۔ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ریلوے انتظامیہ خرابی دور کرنے میں ناکام ہے۔
آن لائن بکنگ بند ہونے کے ساتھ ساتھ موبائل ایپلیکشن سے بھی ٹکٹوں کی بکنگ نہ ہوسکی۔ فیصل آباد سے کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور اور دیگر شہروں کو سفر کرنے والے ہزاروں مسافر رل گئے۔ کئی کئی گھنٹے انتظار کے بعد بھی ٹکٹ نہ ملنے پر شہری ریلوے حکام پر پھٹ پڑے۔
انٹرنیٹ سروس بند ہونے کی وجہ سے ٹکٹوں کی بکنگ بند ہونے کے ساتھ ساتھ ٹکٹوں کی تبدیلی اور منسوخی کا عمل بھی بند رہا۔ ریلوے حکام کے مطابق دو روز میں آن لائن سسٹم بند ہونے کی وجہ سے فیصل آباد میں محکمہ ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔
دو روز میں ٹکٹیں کینسل اور تبدیل نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو بھی لاکھوں روپے کا نقصان ہوا، جن کا کہنا ہے ماضی میں بھی کئی بار ریلوے کا بوسیدہ ٹکٹنگ نظام فیل ہوا لیکن حکام نے سسٹم کی بہتری کے لئے اقدامات نہ اٹھائے۔