لاہور: (دنیا نیوز) اعظم سواتی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کا خسارہ بہت زیادہ، ریگولائزیشن حل نہیں ہے۔ قومی ادارہ دہائیوں سے ملک کا پیسہ کھا رہا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کا کہنا تھا کہ شیخ رشید احمد نے بھی ریلوے میں بھی بہت کام کیا اور آگے بھی کام جاری رہے گا۔ ریلوے کے نئے منصوبوں کی تکمیل سے مزید پاکستان مستحکم ہوگا۔
اعظم سواتی نے کہا کہ ریلوے کے نئے منصوبوں پر 2021ء میں کام شروع کیا جائے گا۔ ریلوے کے نئے منصوبوں کی سیکورٹی کے حوالے سے بھی اجلاس جاری ہیں۔ نئے منصوبے کے تحت ازبکستان اور افغانستان کے صدور نے بھی دستخط کر دیئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اس منصوبے پر جلد کام کے آغاز کی ہدایت کر دی ہے۔ یہ منصوبہ ایم ایل ون کے بعد دوسرا بڑا منصوبہ ہوگا۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ریلوے میں بہتری لائی جائے۔