لاہور: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ ملک لوٹنے والے آج دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ اپوزیشن کے استعفے فوری منظور کروا کر الیکشن کرا دیں گے۔ چوروں اور ڈاکوؤں سے چھٹکارا ملنے پر غریبوں کو کھانا کھلائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ملک کا پیسہ مجھ پر اور میری اولاد پر حرام ہے۔ ٹرین پر لاہور آیا تو مسافروں نے کہا کہ آپ کی وجہ سے ہماری ٹرین وقت سے پہنچی، جس پر شرمندگی ہوئی۔ چاہتا ہوں کہ ٹرین وقت سے اپنی منزل پر پہنچے۔ ہماری ترجیح وقت کی پابندی ہے۔ ریلوے میں وکٹوریا دور کا نظام نہیں چل سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید بہت بڑا نام اور تجربہ کار شخص ہیں۔ وہ ریلوے کی اچھی بنیاد کر رکھ گئے، اسےآگے لے کر چلنا میرے لئے آسان ہے۔ ایک سال کے اندر ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔ ریلوے کی تاریخی عمارات کو محفوظ بنا کر آمدن کا ذریعہ بنایا جائے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ادارے کے مزدوروں کی محنت اور لگن قابل ستائش ہے۔ مزدور کے میعار کی زندگی کو بلند کرنا وزیراعظم عمران خان کا مشن ہے۔ ریلوے ملازمین کی رہائش کے معیار کو بہتر کر رہے ہیں۔